لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویرحسین نے کہا ہے ہم چاہتے ہیں نئے الیکشن ہوں اورجوبھی حکومت آئے وہ ا پناایجنڈا آگے بڑھائے ۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں میزبان شازیہ اکرم سے گفتگو میں انہوں نے کہا2014کا دھرنا سازش تھی،وزیراعظم ہائوس پرحملہ کیا گیالیکن ہم کام کرتے رہے ،ہم نے پیپلزپارٹی سے سخت مخالفت کے با وجود میثاق جمہوریت کیا ،موجودہ حکومت کوبھی شہبازشریف نے میثاق معیشت کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ا س بات کو مذاق سمجھا،اگر فضل الرحمان ہمیں اعتماد لیتے ہوئے اپنا پروگرام بتائیں گے توہم ہر صورت ان سے تعاون کرینگے ۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا پاکستان میں صحافت کتنی آزاد ہے ا س کا اندازہ تو عزیز میمن کے قتل سے لگایا جاسکتا ہے ، ہمارے ہاں ایسی بھی صحافت ہے کہ کوئی کسی پر جو مرضی الزام لگا دے یا اس کے عقید ے کے بارے میں جو مرضی کہہ دے کوئی کچھ نہیں کہتا،جتنی رعایت میڈیا کی جانب سے موجودہ حکومت کوملی وہ کسی کو نہیں ملی لیکن یہی حکومت میڈیا کے خلاف ہے ۔بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا وزیراعظم مہنگائی سے سخت پریشان ہیں، وہ چاہتے ہیں عوام کور یلیف ملے ، وہ سوشل میڈیاپرحکومت پر ہونے والی تنقید کا مقابلہ کرنا اور سوشل میڈیاکو لگام بھی ڈالنا چاہتے ہیں ،حکومت میڈیا کی تنقید سے سخت خوف زدہ ہے ۔سابق سفیر ضمیر اکرم نے کہا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے درست وقت میں دورہ کیا، پاکستان کی مدد سے امریکہ اورطالبان کے درمیا ن جو مذاکرات ہورہے ہیں ان میں پاکستان کے رول کو اجاگر کرنے کیلئے بھی اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل آئے ہیں،افغان طالبان اورامریکہ کے درمیان معاہدہ بہت ضروری تھا۔