اسلام آباد، راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی، 92 نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر کورہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ آرمی چیف نے فرنٹیئر کور میوزیم اور فورٹ گیلری کا بھی دورہ کیا۔کور کمانڈر پشاور بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کے پی بالخصوص فاٹا میں امن کیلئے فرنٹیئر کور کا کردار اہم ہے ۔پاک وطن کیلئے قربانیاں دینے والے قوم کا سرمایہ، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی جبکہ ملک میں دیرپا امن و استحکام کیلئے اقداما ت جاری رکھیں گے ۔