لاہور، فیصل آباد ،راولپنڈی ،کراچی (رپورٹنگ ٹیم ، کرائم ر پو ر ٹر،خصوصی رپورٹر ،نامہ نگارخصوصی، 92 نیوزرپورٹ،سٹاف رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر میں کرونا سے بچائو کیلئے جزوی لاک ڈاؤن رہا ،شہریوں نے پابندیاں ہوا میں اڑادیں ۔ملک بھر میں بازار، شاپنگ مال، ریسٹورنٹس نجی و سرکاری دفاتر بند رہے ۔بڑی تعدادمیں شہریوں نے حفاظتی اقدامات کوسنجیدہ نہ لیا ۔کئی شہروں میں نقل و حرکت پرپابندی کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں، کراچی اورملتان میں لوگ سڑکوں پرگھومتے رہے ،لاہوراورفیصل آبادمیں سستاآٹالینے کیلئے شہریوں کارش لگارہا۔کوئٹہ میں شاپنگ مال کے باہراشیائے خورونوش کیلئے کھینچاتانی ہوتی رہی،پشاورمیں کرکٹ ٹورنامنٹ اوروہاڑی میں والی بال کے میچ ہوتے رہے ۔لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن رہا تاہم اجناس ، سبزی ،اور پھل منڈیوں کے علاوہ گلی محلوں میں قائم اشیائے خورونوش دکانیں، میڈیکل سٹورز، فار ما فیکٹریاں،بیکریاں، دودھ دہی کی دکانیں، مالیاتی ادارے کھلے رہے اہم شاہرات پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی ۔ بعض علاقوں میں نوجوانوں نے ڈبل سواری کی پابندی کو ہوا میں اڑایا۔ شہر میں ایک سے زائد مقامات پر ہونے والی مذہبی رسومات نماز جنازہ یا تدفین کیلئے بھی شہریوں کوگھر سے باہرنکلنے کی اجازت قواعد کے مطابق دی گئی ۔کراچی میں پولیس نے لاک ڈاؤن خلاف ورزی پر 218افراد کو گرفتار کیاگیا۔ فورسزنے میڈیا ملازمین کو آنے جانے اورکوریج کرنے کی صورت میں پریشان کررکھا۔ کورنگی میں نیوز چینل کے کیمرا مین کوتشددکانشانہ بنادیا۔لاہور پولیس نے لاک ڈاون کے پہلے روز 146 مقدمات درج کئے ،28 گاڑیاں بند کردیں ۔فیصل آباد میں 150 افراد جبکہ راولپنڈی میں 21 مقدمات درج، 39 افراد گرفتار کیاگیا۔