اسلام آباد ،لاہور ، ملتان، کراچی، واشنگٹن (سپیشل رپورٹر ،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ، نمائندہ 92 نیوز، نیوزایجنسیاں)ملک میں کورونا کے مزید 47مریض دم توڑ گئے جبکہ 1918نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 261917جبکہ اموات 5522ہوگئیں۔198509مریض صحتیاب ہو چکے ، ایکٹو کیسز کی تعداد 57886ہے ۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں کورونا کے 2690مریض زیرعلاج، 307 مریض وینٹی لیٹر زپر ہیں۔24 گھنٹوں میں 23011ٹیسٹ کئے گئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیمطابق پنجاب میں کورونا سے مزید 8 اموات ہوگئیں جبکہ 442نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں جولائی کے پہلے دو ہفتوں میں کورونا کے پھیلائو میں 16فیصد کمی ہوئی ۔کراچی میں کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والے ڈاکٹرعدنان عمربھی جان کی بازی ہارگئے ۔ سندھ میں کورونا سے انتقال کرنیوالے ڈاکٹروں کی تعداد 25 ہوگئی۔کورونا سے سندھ پولیس کے 2580 اہلکار متاثرہوئے ،16 انتقال کرگئے جبکہ 1604 زیر علاج ہیں ۔نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا کے مزید 2 مریض چل بسے ۔دریں اثناء کراچی میں این سی او سی کے اجلاس میں عید الاضحٰی اور محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز پر غور کیاگیا۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے کہا اگرچہ کورونا کیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے لیکن ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا۔ اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تا کہ دوبارہ کیسز کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔ فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا ہو گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا وبا کو کنٹرول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 43لاکھ جبکہ اموات 6لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ امریکہ میں متاثرین 38لاکھ سے تجاوز کر گئے ۔ ایریزونا میں سینکڑوں اساتذہ نے سکول کھولنے کیخلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ کلاسز اکتوبر کے آخر میں شروع کی جائیں۔الجزائر میں کرپشن کرنے پر جیل جانیوالے سابق وزیر موسیٰ بن حامدی کورونا کا شکار ہو کر چل بسے ۔ سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد حالت جنگ کا اعلان کر دیا گیا ۔ سکاٹ لینڈ میں مردم شماری ایک سال کیلئے موخر کر دی گئی۔آسٹریلیا میں پارلیمان کھولنے کے فیصلے کو مزید کئی ہفتوں تک موخر کر دیا گیا۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے ایران میں اڑھائی کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے جبکہ مزید ساڑھے تین کروڑ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ان کی جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کی بنیاد ملک کی وزارتِ صحت کی ایک رپورٹ ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے ایک ننھے سے وائرس نے ہمیں گھنٹوں پر جھکا دیا اور معاشروں کے کمزور اور غیر مستحکم ڈھانچوں کو آشکار کر دیا ہے ۔نیلسن منڈیلا کی برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ وائرس 100 ملین افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل سکتا ہے ۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے نیا سماجی معاہدہ وضع کرنے کی درخواست بھی کی۔