ملتان (خبر نگار)جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتیں وہ کردار ادا نہیں کرسکیں جو حکومت کو گرانے کے لئے کافی ہو۔ ملک کو نااہلوں کے حوالے کردیا گیا جس سے معیشت ڈوب گئی اور تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ بجٹ زیرو سے بھی نیچے چلا گیا۔ملتان کے مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن ہی ڈھونگ نہیں تھے بلکہ حکومت اور بجٹ بھی ڈھونگ ہے ۔ کورونا پر پوری قوم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا لیکن حکومت ایسے حالات میں غیر متنازعہ ایشو کو دوبارہ متنازعہ بنانے پر لگ گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن نہیں جنرل الیکشن کرائے جائیں ۔حکومت کہتی ہے کہ چوروں کی تلاش میں ہیں انہیں پکڑیں گے توکابینہ میں بیٹھے چوروں کو کیو ں نہیں پکڑ رہے ؟حکمرانوں کا یہ کہنا کہ ان کے پاس 5سے 6مہینے ہیں شکست خوردگی کی علامت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مدارس میں کسی صورت مداخلت برداشت نہیں کریں گے ۔ کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں۔ مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ملتان میں سب سول سیکرٹریٹ آدھا تیتر آدھا بٹیر کے مترادف ہے ۔