پشاور (92نیو) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کو عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک وقوم کو اب ایک ہی ریلیف چاہئے کہ نالائق اور جھوٹی حکومت سے نجات ملے ۔ دنیا میں پٹرول سستا ہورہا ہے اور نالائق اعظم پٹرول مہنگا کررہا ہے ۔ نالائق اور نااہل ٹولے کی وجہ سے ملک اور قوم کو سزا مل رہی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عمرہ ادائیگی سے واپسی پراسلام آبادمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انجینئرامیرمقام نے کہاکہ ظالم حکمرانوں نے رمضان المبارک اور عید الفطر کا بھی خیال نہیں کیا، مہنگائی کا ظلم ڈھانے والے حکمران ریاست مدینہ جیسے پاک نام اور انسانیت کی ہمدردی پر مبنی نظام کو بدنام کررہے ہیں، آئی ایم ایف کی ایجنٹ حکومت قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ۔