شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار خان آ فریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ وطن کی حرمت پر مر مٹنے کو تیار ہے ، مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے ، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کرے تاکہ ایٹمی جنگ کے خدشات کا تدارک ہوسکے پاکستان کشمیر کے مسئلہ کو باہمی گفتگو سے حل نکالنے کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ اس مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے ، نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم پر ہم خاموشی اختیار نہیں کر سکتے کشمیر کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کا بیان پاکستان کے اصولی موقف کی جیت اور بھارت کی ہار ہے اگر انڈیا اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا توپھر ہم اسے اسی کی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں، رانا عبدالسمیع خاں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی اورسیاسی رہنماؤں کو تمام تر اختلافات چھوڑ کرملکی سلامتی اورآزادی کشمیر کی پالیسیوں کی کامیابی کی خاطر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہوئے ہے جن کے ثمرات عوام کو میسر آرہے ہیں ،اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید کی بجائے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں صوبائی صدرپی ٹی آئی اعجاز چوہدری، جنرل سیکرٹری محمد شعیب صدیقی اور پیر سکندر شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔