لاہور(وقائع نگار) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوشش کر نیوالوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا، حکومت نے ملک کو معاشی طور پر بھی درست سمت میں ڈال دیا ہے ،مستحکم اورمضبوط معیشت ہی روشن پاکستان کی ضمانت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اکنامک افیئر مخدوم خسرو بختیار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ملاقات کے دوران سیاسی،معاشی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔گور نر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس اصلاحات کی بدولت آج عالمی معاشی ادروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے ،تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمہ کا مینڈیٹ لے کر حکومت میں آئی ہے اور اس کے خاتمہ کیلئے حکومت احتساب کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت کے معاشی اہداف بالکل واضح ہیں ان کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں،حکومتی معاشی پالیسیوں کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔