اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک کوقائدکے وژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بناناہوگا،ایسی ریاست بنانی ہے جہاں انصاف کی فراہمی اورقانون کی عملداری ہو۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا نوجوان لیڈرشپ کوقائداعظم کواپنارول ماڈل بناناچاہئے ،قائد کے یوم ولادت پر آج بحیثیت قوم ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم پاکستان کو رحم اور تعظیم انسانی جیسے اصولوں پر استوار ایسی اسلامی فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالیں گے جس میں عدل و انصاف اور قانون کا بول بالا ہو اور جس کے سماج میں ہر رنگ، مذہب، قوم، نسل اور زبان وغیرہ کے رنگ نمایاں ہوں،قیادت کے خواہاں تمام نوجوان بابائے قوم کو اپنا رول ماڈل بنائیں، وہ سراپا صدق و دیانت تھے اور انکی 40 سالہ جدوجہد کسی ذاتی غرض و غایت کیلئے نہ تھی بلکہ وہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایسا وطن چاہتے تھے جس میں وہ آزاد زندگیاں بسر کرسکیں اور کوئی بھی دوسرے درجے کا شہری نہ ہو۔