لاہور(وقائع نگار)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پبلک کی گئی، لیگی قیادت اشتہاری نواز شریف اور اپنے ڈرائنگ روم میں خودساختہ روپوش شہباز شریف کو بچانے کے لیے حکومت پر الزام تراشیوں میں لگی ہے ۔ ترجمان ن لیگ کی جانب سے گرانفروشی سے متعلق تنقیدی بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا آٹا چینی کمیشن کی رپورٹ ن لیگی قیادت کی سیاست پر کالا دھبہ بن کر سامنے آئی،2017 میں جب عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 100 ڈالر فی ٹن زائد تھی تو شاہد خاقان عباسی نے آلِ شریف کو خوش کرنے اور نوازنے کے لیے 20 ارب روپے کی صورت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی۔آلِ شریف منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور کرپشن کی صورت میں ٹی ٹی کی سیاست کر رہی ہے جبکہ ن لیگی ترجمان چیخنے چلانے اور دشنام طرازی کی صورت میں ٹاں ٹاں کی سیاست کر رہے ہیں۔ تحریکِ انصاف کورونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں بھی عوام کو ریلیف دے رہی ہے ۔شوباز شریف سستی روٹی اور آٹا سبسڈی کے نام پر عوام کو اربوں کا چونا لگاتے رہے جبکہ حمزہ شہباز پولٹری مافیا کے ذریعے اپنی جیبیں بھرتے رہے ۔