مکرمی!یہ ملک کی بنیادی ضرورت ہے کہ جلد ازجلد بڑے ڈیم تعمیر کئے جائیں۔ جب تک چھوٹے بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کو اولین ترجیح نہیں دی جاتی اس وقت تک ملک میں سستی بجلی اور وافر پانی دستیاب نہیں ہوسکتا۔ڈیموں کی تعمیر اشد ضروری ہے اس سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور یقینی طور پر مہنگائی میں کمی آئیگی۔ حکومت کالا باغ ڈیم کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر سکتی ہے جس سے صنعتوں کو وافر سستی بجلی ملنے سے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مسابقت کی جاسکے گی اور وافر سستی بجلی ہونے سے نئی انڈسٹری قائم ہوگی جس سے بے روزگاری میں یقینی طور پر کمی واقع ہوگی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قوم کے اس بہترین مفاد کے منصوبے کی تعمیر کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے دھرتی کا کونسا سپوت نکلتا ہے جو عوامی رائے کو 100%کالا باغ ڈیم کے حق میں کرکے ہرسطح پر یہ ثابت کردے کہ یہ عظیم ترین منصوبہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور انقلاب کا پیش خیمہ ہوگا۔ (جمشید عالم صدیقی لاہور)