اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی سمت متعین ہو چکی ہے ، آنے والا دور خوشحالی کا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر بابر اعوان سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا عوامی مفادات کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔محروم طبقے کا احساس کرنا ریاست کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔ معاشی ٹیم کیساتھ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چند ماہ میں اقتصادی اور معاشی چیلنجز پر قابو پالیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھاآئین اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ احتساب کی راہ میں خود رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیا جائیگا۔اس موقع پر بابراعوان نے کہا اپوزیشن جماعتیں سارا شور شرابہ صرف احتساب سے بچنے کیلئے کر رہی ہیں ۔اپوزیشن کے پاس سٹریٹ پاور ہے نہ عوامی حمایت۔بڑے چوروں کا احتساب ہو گا تو ہی نچلی سطح پر کرپشن رکے گی۔ پوری قوم انصاف اور احتساب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے ۔امید ہے جلد مفرور اور اشتہاریوں کو بھی وطن واپس لا کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔