اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ )وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعظم ہائوس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکت کی۔اجلاس میں داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، پاکستان ہمسایوں سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے مگراپنے عوام اورجغرافیائی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان قومی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،شرکا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی جغرافیائی سرحدوں کاہرقیمت پرتحفظ کیاجائیگا،اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اس کا نوٹس لے ۔اجلاس میں سٹاک ایکسچینج پر حالیہ حملے کو کامیابی سے ناکام بنا نے پر قانون نافذکرنے والے اداروں کی بہادری اور مربوط کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔