کراچی،اسلام آباد(این این آئی) سٹیٹ بینک نے ملکی قرضوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے ۔سٹیٹ بینک نے اگست 2021 ء تک پاکستان پر واجب الادا قرضہ کی تفصیلات جاری کیں جس کے مطابق حکومت پر 39770 ارب روپے مجموعی قرضہ ہے ۔مجموعی قرضہ میں سے 26334 ارب مقامی اور 13435 ارب بیرونی قرضہ ہے ، اگست میں مقامی قرضہ جولائی کے مقابلے 491 ارب روپے کم ہوا جبکہ بیرونی قرضہ 392 ارب روپے بڑھ گیا۔مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں میں بیرونی قرض 1003 ارب روپے بڑھا جبکہ مقامی قرض بھی اضافہ کے بعد 69 ارب روپے تک پہنچ گیا۔دوسری جانب رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 11 ارب 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔حکام کے مطابق تجارتی خسارہ میں سو اعشاریہ 62 فیصد اضافہ ہوا،برآمدات 6 ارب 96 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور درآمدات 18 ارب 63 کروڑ ایک لاکھ ڈالر رہیں۔