اسلام آباد( 92 نیوزرپورٹ،این این آئی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے کا وعدہ کیا تھا اور اب اس کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں،نوازشریف اور ان کے خاندان کی بھی کچھ قسطیں باقی ہیں، امید ہے نواز شریف کی اقساط بھی جلد آنا شروع ہوجائیں گی۔میڈیا سے گفتگو،نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا شہباز شریف کی 32 کمپنیوں کا ٹرن اوور 432 بلین روپے ہے ، صرف ایک شخص شعیب قمر نے 55 ارب روپے شہباز شریف فیملی کو دئیے ، ان کو جس طریقے سے باہر جانے دیا گیا اس پر شدید افسوس ہے ، انھوں نے واپس نہیں آنا، اس سے پہلے نواز شریف کی 16 کمپنیوں میں اربوں کا لین دین پکڑا گیا تھا۔ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی اپنے پیسے دیں،نواز شریف کے کیس میں طے کردہ اصول سب پر لاگو رہے گا، آصف زرداری کے معاملے میں بھی ڈاکٹرز کی رائے سے معاملہ آگے بڑھے گا،قانون کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کے بعد نئی تقرری کے لیے 45 دن کا وقت ہوتا ہے ، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں، حکومت اور اپوزیشن کے دیئے گئے تمام لوگ غیر جانبدار ہیں ، امید ہے ان پر اتفاق ہو جائے گا۔2022 میں خلائی مشن بھیجنے کے بیان پرایسا رد عمل آیا جس سے لگا ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں پیچھے ہیں حالانکہ جب ہم نے سپارکو بنایا تو اس وقت چین اور بھارت خلائی پروگرام کی کسی گنتی میں ہی نہیں تھے ، 90 کی دہائی میں پاکستان جنوبی ایشیا کا واحد ملک تھا جہاں موبائل فون ٹیکنالوجی آئی،گزشتہ 8 ماہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 گنا اضافہ ہوا، پاکستانی انجینئرز اور سائنسدانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع ہیں۔