اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومتی کوششوں سے معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہوئی ہے اور معیشت میں بہتری سے آنے والوں دنوں میں افراط زر کو نیچے لانے اور مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں فرانس کے سفیر ڈاکٹر مارک بریٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان میں فرانسیسی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے فرانسیسی سفیر کو پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات اور ان کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سماجی شعبے کیلئے مختص بجٹ کو دوگنا کر دیا ہے ۔غریب طبقے کیلئے سستی اشیائے خورد نوش اور سستے علاج کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔مشیر خزانہ نے کہاکہ حکومت ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے اور معیشت کے مختلف شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھا کر برآمدات بڑھانے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے برآمدکنندگان کو سستے قرضے ،بجلی اور گیس فراہم کی جا رہی ہے ۔