مکرمی !اگر یوں کہا جائے کہ سیوریج کا مسئلہ پورے کراچی کا ایک اہم مسئلہ ہے تو بیجا نہ ہوگا، مگر کراچی کے علاقے ملیر میں سیوریج کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے، ماڈل کالونی سے جناح ٹرمینل جانے والی سڑک پر سیوریج کا پانی جمع ہے جس سے ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہورہی ہے، بالکل اسی طرح سعود آباد سے کھوکھراپار جانے والی سڑک بھی گندے پانی کی وجہ سے تالاب کا سا منظر پیش کر رہی ہے، گاڑیوں اور پیدل سفر کرنے والے افراد اس پانی کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہیں، مگر بلدیاتی نمائندوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ملیر کی سڑکوں پر جمع اس گندے پانی کی وجہ سے طلباء کو بھی تعلیمی اداروں تک جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت سے گزارش ہے کہ وہ اختیارات کا رونا رونے کے بجائے جلد از جلد ملیر کی عوام کو سیوریج کے مسائل سے نجات دلا کر اپنا فرض پورا کریں۔ (دانیال احمد صدیقی، جامعہ کراچی)