لاہور(سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے علمائاور سیاسی کارکنان کے وفود سے گفتگو اور وسیم اسلم قریشی کی جانب سے حجاج کرام کے اعزاز میں ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے ظلم کو 43 دن ہو گئے ہیں ، عالمی برادری ہندوستان کو انسانی حقوق کی پامالی سے روکنے کے لیے جرا ت مندانہ اقدام نہیں کر رہی ۔ کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور حق خود ارادیت چاہتے ہیں ۔ یہ بھی بڑا المیہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر قومی قیادت کو متحد کرنے اور قومی اتفاق رائے کی قومی پالیسی بنانے میں ناکام ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہندوستان نے طویل المعیاد جنگ پاکستان پر مسلط کردی ہے ۔ روزانہ سیز فائر لائن پر گولہ باری اور فائرنگ کر کے فوجی جوانوں اور شہریوں کو شہید کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی مدبرین ، وزرائے خارجہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، تھنک ٹینک کے سربراہوں کی عالمی کانفرنس منعقد کرے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اہل ایمان اپنے اندر جھوٹ ، غیبت ، فریب ، ملاوٹ ، کم تولنے اور حسد کے بت توڑ دیں ۔