اسلام آباد، راہوالی، فیصل آباد ، اسلام آباد (نامہ نگار ، خصوصی رپورٹر ، سپیشل رپورٹر) ممتاز قانون دان سابق سپیکر مغربی پاکستان اسمبلی و سینیٹر چودھری محمد انور بھنڈر 95سال کی عمر میں چند روز علیل رہنے کے بعد رضائے الٰہی سے وفات پا گئے ، ان کو آبائی قصبہ اروپ کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ، میت لاہور سے جب اروپ پہنچی تو ہزاروں کی تعداد میں علاقہ بھر سے عوام ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ، سیاسی سماجی خدمات کے علاوہ شرافت ،اصول پسندی،دیانتداری کے تذکرے کئے جاتے رہے ، نماز جنازہ نمازِ مغرب کے بعد ادا کی گئی ، ہزاروں کی تعداد میں اہم سیاسی ،سماجی شخصیات ،بیوروکریٹس ،ریٹائرڈ و حاضر سروس ججوں اور ان کے چاہنے والوں نے شرکت کی اور ان کے بیٹوں چوہدری خورشید انور بھنڈر ،چوہدری نوید انور بھنڈر ،وسیم انور بھنڈر سے اظہار تعزیت کرتے رہے ، مرحوم جنرل ایوب خاں کے دور میں مغربی پاکستان کے سپیکر ،ذوالفقار علی بھٹو کے دور1977ء میں صوبائی اسمبلی کے ممبر اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر جبکہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں پاکستان کے سینیٹر منتخب ہوئے تھے ۔ سابق وزیر مملکت برائے خزانہ را نا افضل خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ، مرحوم کی نمازہ جنازہ آج کریسنٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں نماز عصر کے بعد اداکیجائے گی، سابق وزیر مملکت برا ئے خزانہ 22فروری1949 کو فیصل آ باد میں پیدا ہو ئے ، مرحوم 1997 سے 1999 اور 2008 سے 2013 رکن پنجاب اسمبلی رہے ، 2013 سے 2018 کے درمیان رکن قومی اسمبلی رہے ، دسمبر 2017 سے مئی 2018 تک وزیر مملکت رہے ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے معروف سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر رانا محمد افضل کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور کہا ان کے انتقال سے پاکستان ایک اہم سیاسی اور جمہوری لیڈر سے محروم ہو گیا ، دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی ان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔