مکرمی ! میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میں روزبروز بڑھتی ہوئی شربا مہنگائی پر قابو پایا جاسکے اگر حکومت واقعی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرتی ہے تو یہ مہنگائی کے مارے ہوئے بائیس کروڑ عوام کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہوگی جس سے لوگوں کومہنگائی سے بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔یوں تو مہنگائی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے لیکن پاکستان میں یہ مسئلہ کچھ عرصہ سے غیرمعمولی طور پر شدت اختیار کرگیا ہے سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن ہورہی تھی حالانکہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے مہنگائی ختم ہونے کی امید اور توقع لگائے بیٹھے تھے اس صورتحال سے ایک طرف غریب لوگ پریشان تھے تو دوسری طرف پی ٹی آئی حکومت کی کارگردگی متاثر ہورہی تھی جس سے لازمی طور پر اس کی سیاسی مقبولیت میں بھی کمی آرہی تھی لیکن ایسا محسوس ہوتا تھا کے حکومتی وزراء اس بارے لاتعلق ہیں یا وہ مہنگائی ختم کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مہنگائی کے سیلاب میں حکومت کے بہہ جانے کا خطرہ ہے بحرحال وزیراعظم عمران خان کو بروقت خطرے کا احساس ہوگیا ہے جس سے بچائو کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ اپنی کابینہ کے ارکان کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں اور ان پر بھی زور دیا جائے کہ وہ ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تاکہ عوام میں حکومت کی کارگردگی اور مقبولیت بڑھے۔ ( چودھری عبدالقیوم)