مکرمی ! پاکستان کی اقتصادی تباہی اور زوال کا سبب بدعنوانی، کرپشن اور سرکاری وسائل کی لوٹ مار ہے ، وزیر اعظم نے کہا تھا وہ بدعنوانوں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے ۔ یہ بات درست ہے کہ بدعنوانی نے قومی اداروں کو تباہ کردیا ہے ،لیکن یہ عجیب بات ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں اور اداروں کو تباہ کرنے والوں کا کوئی احتساب نہیں ہوسکا۔ البتہ غریب مزدوروں کو بے روزگار کرکے سزا دی جارہی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں نے جو ماحول پیدا کیا ہے اس سے روزگار کے مزید مواقع کیا پیدا ہوتے ، جو لوگ روزگار سے لگے ہوئے تھے وہ بھی اب بے روزگاروں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ جبکہ وہ حکومت تو ایسی پالیسیوں کو اعلانیہ عملی جامہ پہنانے کی متحمل ہی نہیں ہو سکتی جو سابق ادوار حکومت میں غربت، مہنگائی، روٹی روزگار کے گھمبیر ہوتے مسائل سے عوام کی گلو خلاصی کرانے اور ریاست مدینہ جیسی اسلامی فلاحی مملکت تشکیل دینے کے دعوئوں، وعدوں، منشور اور ایجنڈہ کے تحت عوام کی ہمدردیاں حاصل کر کے اقتدار میں آئی ہو۔ عمران خان اور ان کی کابینہ کے دعوؤں اور عملی اقدامات کی بدولت انہوں نے قوم کا اعتماد کسی حد تک کھودیا ہے، اور قوم مطالبہ کررہی ہے کہ ملک سے غربت و مہنگائی ختم کی جائے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی عمل میں سست روی اور فیصلوں میں تاخیر سے مسائل سامنے آرہے ہیں ۔ ( رانااعجازحسین)