لاہور(خصوصی نمائندہ،92نیوزرپورٹ،صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شادمان مارکیٹ پارک میں انجیر کا پودالگاکرشجرکاری مہم کاافتتاح کیا،وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 154 کنال پر خصوصی ٹیکنالوجی کے ذریعے پودے لگا رہے ہیں، وزیراعظم کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے ،آج 12 لاکھ سے زائد پودے لگا کر ریکارڈ بنائیں گے ، وزیراعظم کے پراجیکٹ میں بھی 60 لاکھ پودے لگائیں گے ، پودے لگانے سے لاہور کا ایکو سسٹم تبدیل ہو جائے گا، ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے ۔ سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ، ایف آئی اے میں پیش ہوا ہوں، روزانہ ہزاروں فائلیں چلتی ہیں، ہر فائل تو وزیراعلیٰ کے پاس نہیں آتی،ہمارا دامن صاف ہے تو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ نیب ایک نہیں 10 باربلائیگاتو ضرور جائیں گے ، غلط کام کیا ہے نہ کسی کو کرنے دیں گے ۔وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی مانگی۔ وزیراعلیٰ نے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ٹائیگر فورس کے جوانوں اور عثمان ڈار کو مبارکباد دی اور ان سے ملاقات کے دوران جذبے کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ شادمان مارکیٹ پارک میں پودے لگانے کی جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل بسایا جا رہا ہے ۔ جنگل میں 9 ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں جو چند ماہ میں درخت بنیں گے ۔ میاوا کی جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے تحت لگائے گئے پودے عام پودے کی نسبت 10 گنا تیزی سے بڑھتے ہیں اور یہ پودے 40 گنا زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوتی ہے ۔سیالکوٹ میں بھی بڑے رقبے پر نیا جنگل بسائیں گے ۔عوام، منتخب نمائندے اور نوجوان پودے لگائیں اور ان کی نگہداشت بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا بہت بڑا منصوبہ ہے ۔ وزیراعلیٰ کو شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے خصوصاً لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلوچستان اور سندھ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ دریں اثنا انہوں نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تیسری برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بلا رنگ و نسل خدمت کرکے انسانیت کا سر بلند کیا اور بلاشبہ ڈاکٹر رتھ فاؤ طبی شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے رول ماڈل ہیں۔ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔