ریاض(نیٹ نیوز)عازمین حج کے قافلوں کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز ہوگیا ہے اور طواف القدوم کی سنت کی ادائیگی کے موقع پر بیت اللہ میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج اُٹھیں۔سعودی میڈیا کے مطابق کورونا احتیاطوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے عازمین حج کے قافلے مکہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور آج سے مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا اس سلسلے میں مکہ سے باہر سے آنے والے عازمین حج نے مسجد الحرام پہنچ کر طواف القدوم کی سنت ادا کی۔وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الہدیٰ مراکز میں حجاج کرام کا استقبال کیا گیا۔ طواف القدوم کی ادائیگی کے لیے 60 ہزار عازمین مکہ پہنچنا شروع ہو گئے ،مسجد الحرام میں داخل ہونے کے لیے 6 ہزار عازمین پر مشتمل گروپس تشکیل دیئے گیے ہیں جو ہر 3 گھنٹے بعد مسجد الحرام میں داخل ہوں گے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ۔ کل ( پیر کو) وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گااور مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا۔اس سال 60 ہزار مقامی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مسجد الحرام سے میدان عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہو گی۔