مندرہ، راولپنڈی(نمائندہ 92 نیوز،رپورٹر92 نیوز) راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کے علاقے کوری دولال میں جنون کی حد تک موبائل گیم کیلنے والے نوجوان نے گھروالوں کے منع کر نے پربہن اور بھائی کو قتل اوروالدہ کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کرلی جبکہ ایک بھائی معجزانہ طور پر بچ گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ مندرہ کے علاقہ کوری دولال میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی،ابتدائی تحقیقات کے مطابق17 سالہ احسن زیب کو مسلسل پب جی گیم کھیلنے پرگھر والوں نے منع کیا تواس نے طیش میں آکر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی حسن زیب عمر 23 سال اور ہمشیرہ اسماء عمر 18 سال کو قتل کردیا جبکہ والدہ ناصرہ بی بی فائرنگ سے زخمی ہو گئی اورایک بھائی معجزانہ طور پربچ گیا۔واقعہ کا مقدمہ مقتولین کے ماموں محمد قاسم کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم واقعہ کے بعدموقع سے فرار ہوگیا تاہم بہن اور بھائی کے نماز جنازہ کے بعد اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ،اسکی لاش مندرہ ٹول پلازہ سے برآمد ہوئی جسے پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا۔ نعش ملنے کے مقام پربھی فرانزک ٹیموں کو طلب کر کے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ تمام زاویوں پر تحقیقات اور فرانزک شواہدکی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے قتل کی واردات کے بعد موقعہ سے فرار ہوتے وقت اپنی زندگی کے خاتمہ کابھی عندیہ دیا تھا۔