لاہور(گوہرعلی) منسوخ شدہ آرڈیننس پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کی نئی روایت کی قائم کی جائے گی ، محکمہ قانون کی طرف سے ن لیگ کے دور میں جاری کردہ آرڈیننس منسوخ ہونے کے باوجود پنجاب اسمبلی میں پیش کرنا ضروری قرار دیا گیا ،موجودہ پنجاب اسمبلی میں تاحال یہ منسوخ شدہ آرڈیننس پیش نہ کئے جاسکے لیکن اب بجٹ اجلاس میں پیش کئے جائیں گے ، مسلم لیگ (ن) کے دور میں جو آرڈیننس جاری کئے گئے وہ اب منسوخ ہوچکے ہیں لیکن محکمہ قانون نے ان منسوخ شدہ آرڈیننس کو بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے ا ن منسوخ شدہ آرڈیننس کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے پر حیرت کااظہار کیا ہے ، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق جب آرڈیننس منسوخ ہوگئے تو پھر انہیں پنجاب اسمبلی میں کیوں پیش کیا جارہا ہے ،ذرائع کے مطابق محکمہ قانون کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل128کے تحت یہ منسوخ شدہ آرڈیننس بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے جانا ضروری ہیں ، اس حوالے سے وزیر قانون و پارلیمانی امور بشارت راجہ نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے دو رکے پانچ آرڈیننس پنجاب اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے ۔