لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب حکومت نے منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کی ہیلتھ پروفائرنگ شروع کرنے اور سرکاری ملازمین کو پنشن کے اجراء میں تاخیر کے خاتمے کے لئے مزید اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا۔یہ فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت صوبہ میں منشیات کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیساتھ ساتھ اسکی رسد کو منقطع کرنے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی موثراقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے خاتمے کیلئے تیار کئے گئے لائحہ عمل پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ زیر التوا پنشن کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور سرکاری ملازم کی وفات کی صورت میں مالی امداد کی فراہمی کے عمل کو تیز ی سے مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو انکا حق فراہم کرنا محکموں کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 31اکتوبر تک صوبے میں کل 833پنشن کیسز زیر التوا تھے ۔