لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،خصوصی رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابات کے منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مربوط پلان مرتب کیا گیا ہے اورپولنگ سٹیشنزپر ووٹرز اور عملے کی حفاظت کیلئے مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر موبائل فون لے جانے کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گااوراس ضمن میں متعلقہ حکام اوراداروں کو ہدایات جاری کی جاچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ بیلٹ باکس کو پولنگ سٹیشنز سے واپس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تک لانے کے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 141 قومی او ر297صوبائی نشستوں پر انتخابات کے لئے 47473 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں اور پولنگ سٹیشنز پر ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرجانبدار اور شفاف الیکشن کی قومی ذمہ داری بطریق احسن ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالناایک قومی ذمہ داری ہے اوراسی مقصد کے پیش نظر ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پولنگ سٹیشنزپر جامع اقدامات کیے گئے ہیں ۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پولنگ سٹیشنز کی نگرانی ہوگی اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔آج ملک کی تاریخ ایک اہم دن ہے ۔ صوبائی حکومت نے شفاف اورغیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے تمام تر انتظامات کیے ہیں ۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے جہانیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔