نیروبی(نیٹ نیوز،این این آئی)الفابیٹ انکارپوریشن نے غباروں کا استعمال کرتے ہوئے کینیا کے ایک گاؤں میں دنیا کی پہلی کمرشل ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس متعارف کرادی۔اس سروس کو گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کا یونٹ لون اور مشرقی افریقہ کے تیسرے بڑے ٹیلی کام آپریٹر ٹیلی کام کینیا مشترکہ طور پر چلا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات جو موچیرو نے سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کینیا پہلا ملک ہے جس کے بیس سٹیشنز اوپر آسمان میں ہوں گے ، اب ہم بہت کم عرصے میں پورے ملک تک یہ سروس پھیلا سکیں گے ۔اس ٹیکنالوجی کو پہلے بھی استعمال کیا جاچکا ہے تاہم اس کا پہلے کبھی کمرشل استعمال نہیں ہوا۔امریکی ٹیلی کام آپریٹرز نے پوئرتو ریکو میں 2017 میں آنے والے طوفان کے بعد 2 لاکھ 50 ہزار افراد کو کنیکٹ کرنے کے لیے غباروں کا استعمال کیا تھا۔اس منصوبے کا مقصد سستے 4 جی انٹرنیٹ کو دیہی آبادیوں تک پہنچانا ہے ۔