لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی۔سابق حکمرانوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کا نقصان ملک کو ہو رہا ۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ملک کا احساس ہے نہ عام آدمی کا۔حکومت کے دامن پر سکینڈل کا کوئی داغ نہیں۔ہمارا اڑھائی برس کا مختصر دور سابق ادوار کی 3 دہائیوں کے مقابلے میں شفاف ترین ہے ۔سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا اور عوام آج بھی کرپشن کی داستانوں کو نہیں بھولے ۔سابق حکمران وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا۔قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔دریں اثنا انہوں نے گوراقبرستان کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا اوارحادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ۔علاوہ ازیں انہوں نے آج صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔پنجاب کابینہ کے 40ویں اجلاس میں 25نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا۔صوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوں گے ۔بعدازاں انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم پنجاب میں اب تک تقریباً 185 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے چھڑوا کر قانونی کارروائی شروع کر چکے ہیں ۔ یہ آپریشن مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہے گا۔ریاست کو اپنی باندی سمجھنے اور ریاست کی ملکیت اثاثوں کو مالِ مفت کی طرح ہڑپ کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔