اسلام آباد ، لاہور، کراچی( خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کی وفات پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے نام دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں ، دینی سکالرز اور نمایاں شخصیات کی طرف سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے انکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔امیر جماعت اسلامی ہند ڈاکٹر سید سعادت اللہ حسینی ، امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمن، صدر اسلامی سنگھ نیپال خورشید عالم اصلاحی ، سیکرٹری جنرل فیڈریشن آف آسٹریلیا اسید خلیل ، سیکرٹری جنرل ایجوکیشن کمیٹی کویت محمد الفام ، سیکرٹری جنرل مسلم یونین کونسل اٹلی سجاد حسین بھٹی ، صدر مسلم یورپین کونسل ڈنمارک اخلاق احمد اور معروف سکالر ، نامور ماہر معیشت ، سابق نائب امیر جماعت اسلامی و سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد نے کہا کہ ان کی وفات سے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔ جمعیت علمائاسلام(ف) کے مر کزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفورحیدری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولا نا محمد امجد خان نے بھی سراج الحق سے ٹیلی فون پر سید منور حسن کی وفات پراظہار تعزیت کیا ۔مولانا محمد امجد خان نے سید منور حسن کے صاحبزادے سید طلحہ منور ، امیر العظیم ، مولانا عبد المالک ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اورمیاں مقصود احمد سے بھی ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا ۔ادھر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سید منور حسن کی رہائش گاہ جاکر مرحوم کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سید طلحہ حسن سے اظہار تعزیت کیا اور سید منور حسن کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ منور حسن سیاست میں شرافت کا پیکر تھے ۔