کراچی(صباح نیوز)ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی، پی ٹی آئی حکومت ایک بھی معاشی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی،اس وقت سرمایہ کاری کے عمل کو بحال اور تیز کرنے کی ضرورت ہے ،سرمایہ کاری سے لوگوں کو روزگار ملے گا ، ملک کی ترقی کی شرح نمو میں اضافہ ہوگا، غربت ختم ہوگی۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستا ر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کھلے کانوں اور ذہن سے توجہ دے ملک کس حال میں ہے ،عوام شدید زہنی اذیت میں مبتلا ہے ، مہنگائی اور بیروزگاری نے نہ صرف عوام کی کمر توڑ دی ہے بلکہ انہیں زندہ درگور کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سرمایہ کاری کے عمل کو بحال اور تیز کرنے کی ضرورت ہے ،جس سے روزگار ملے گا ، ملک کی ترقی کی شرح نمو میں اضافہ ہوگا، غربت ختم ہوگی۔