اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو بھی کرنا پڑا، کریں گے ، مہنگائی میں کمی کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔ وزیراعظم نے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایات کردیں۔معلوم ہوا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ہر صورت کم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، جہانگیر ترین، شہباز گل، ثانیہ نشتر، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے واضح طور پر ہدایات دیں کہ کچھ بھی کریں، عوام کوریلیف دیں،عوامی ریلیف کیلئے کچھ بھی کرنا پڑے ، کروں گا، قیمتوں میں کمی کے لئے ہر حد تک جائیں گے ۔وزیراعظم نے کہا ہم غریب کی بہتری کیلئے ہی حکومت میں آئے ہیں، ملک میں مہنگائی سابقہ حکومت کی لوٹ مارکا نتیجہ ہے ، ذخیرہ اندوزوں نے بھی معاملات خراب کئے ، آٹا بحران میں یوٹیلیٹی سٹورز نے بہترین کام کیا، احساس پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کو راشن دیا جائے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہااگر غریب کا احساس نہیں کر سکتے توحکومت میں رہنے کاحق نہیں۔وزیراعظم نے مشیرخزانہ حفیظ شیخ کوبھی اہم اقدامات کی ہدایت کردی اورکہاکسی بھی چیز کے پیسے کاٹیں مگر غریب آدمی کو سہولت دیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی ترقیوں کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 60 روز میں کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈیلیو ری یونٹ نے مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وفاقی وزارتوں اور اداروں میں 7 ہزار سے زائد ترقیوں کا معاملہ زیرالتوا ہے ۔ 1991 سے 2017 تک 37 فیصد ترقیاں نہیں کی جا سکیں۔وزیراعظم آفس کے مطابق فنانس ڈویژن میں 2 ہزار 290، کامرس میں ایک ہزار 364، پٹرولیم میں 809، پاورڈویژن میں 615، انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن میں 344 اور وزارت داخلہ میں 111 ترقیاں زیرالتوا ہیں۔مزیدبرآں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں پاکستان آمد پر بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتا ہوں اور پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔