منڈی بہاؤالدین(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اور ڈی پی او محمد ناصر سیال نے مختلف علاقوں جن میں پھالیہ، بھیکھے وال، بھوآحسن، گوجرہ، طارق آباد، بھیکھو موڑ،چک شہباز، سیرے ، ملکوال،کھائی، بھکھی شریف، کٹھیالہ شیخاں، سوہاوہ بولانی، سوہاوہ جملانی، پانچ وارڈ منڈی بہاؤادلدین ، گوڑھا محلہ ،صوفی پورہ میں پولنگ ڈے کے موقع پرحساس پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ ،پاک آرمی ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کے پرامن ،منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا اور اس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب سیاسی پارٹیوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اﷲ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ انتظامیہ پولیس کے علاوہ پاک فوج کے جوانوں نے انتخابی عمل کی پر امن تکمیل کیلئے بطریق احسن اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں اور پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہوااور عوام نے اپنا حق رائے دہی بلا خوف و خطر آزانہ اور پر امن ماحول میں استعمال کیا۔