منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم اظہر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 10ڈیٹا انٹری آپریٹر ز کی 3ماہ کی تنخواہوں، اینٹی ربی ویکسین (کتے کے کاٹے کی دوا کی خریداری)، بلڈبنک، ہیپاٹائٹس کلینک، میڈیسن سٹور اور سائیکائٹریٹس کلینک کے فائبر شیڈز کی تنصیب، مریضوں کیلئے انتظار گاہ کا قیام، کمپیوٹر ریڈو گرافی کیلئے پرنٹر اور پروسیسر کی خریداری، پی آئی ٹی بی کی بائیومیٹرک مشینوں کی رپیرنگ کی ادائیگی اور اے بی جی مشین کی خریداری ایسے معاملات زیر بحث آئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے شرکاء اجلاس کی متفقہ رائے سے تنخواہوں کی ادائیگی اورطبی آلات اور مشینری کی خریداری کی منظوری دی۔تاہم انہوں نے کہا کہ کتے کے کاٹے کی ویکسین کے فوری حصول کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے اس کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے چینی کے نرخ 60 روپے فی کلو مقرر کر دئیے ہیں۔