پشاور(سٹاف رپورٹر) لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہوں کی بندش اورپروموشن نہ دینے کیخلاف خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنادیا،جس کی قیادت ایسوسی ایشن کی صدر عائشہ حسن نے کی۔مظا ہر ین نے ہا تھو ں میں پلے کارڈ ز اور بینرز اٹھا ر کھے تھے ،اس موقع پرمظاہرین نے خیبرروڈکوبھی ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بندکردیاجس سے شہر میں ٹریفک کا نظام مفلوج ہوکررہ گیا،مظا ہر ین کاکہناتھاکہ6ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوئی جس کے باعث گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمیں پولیو اور الیکشن کی ڈیوٹیوں کے معاوضوں کی ادائیگی بھی نہیں کی ،مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نا اہلی کی انتہا کر دی ہے ،بعدازاں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے مظاہرین کے مذاکرات کئے جس پر 3 گھنٹے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر انکے مطالبات منظور نہ ہوئے تو وہ دوبارہ روڈ بلاک کرینگے ۔ دوسری جانب لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات کا جائزہ کیلئے 11رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ کمیٹی کی سربراہی کرینگے کمیٹی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام ایمپلائز ایسوسی ایشن کے 6نمائندے شامل ہیں جبکہ کمیٹی 15دن میں رپورٹ پیش کریگی۔