کراچی،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز)سپریم کورٹ کے حکم پر موبائل فون کارڈز پر عائد اضافی فیس ختم کردی گئی جس کے نتیجہ میں اب 100 روپے کے لوڈ پر 88.89 کا بیلنس ملے گا جبکہ موبائل فون صارفین کی جانب سے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کو سراہا جارہا ہے ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کے احکامات پر موبائل کمپنیوں نے موبائل بیلنس پر صارفین سے آپریشنل اور سروسز فیس کی وصولی فوری طور پرروک دی ۔ اب 100 روپے کا موبائل بیلنس ری چارج کرنے پر آپریشنل اور سروسز چارجز کی مد میں پیسے منہا نہیں کئے جائینگے ۔ سپریم کورٹ کے حکم پر صارفین کو 100 روپے کے کارڈ پر 88 روپے 89 پیسے کا بیلنس موصول ہوگا اور اب آپریشنل اور سروسز فیس کی ادائیگی کمپنیوں کے اکاؤنٹ سے کی جائیگی۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی( پی ٹی اے ) کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر موبائل کمپنیز صرف ود ہولڈنگ ٹیکس ہی لاگو کرسکیں گی۔عدالت عظمیٰ نے کمپنیوں کو انتظامی اور سروسز چارجز ختم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد اس حکم پر عملدرآمدشروع کرتے ہوئے سروس چارجز ختم کردیئے گئے ہیں۔دریں اثنا ملک بھر میں موبائل فون صارفین کی جانب سے سپریم کورٹ کے مذکورہ کو سراہا جارہا ہے کیونکہ مہنگائی کی چکی میں پسے شہریوں کیلئے یہ ایک اچھی خبر ہے ۔