کراچی(کامرس رپورٹر) رواں مالی سال 2017-18 کے دوران موبائل فونز کی قومی درآمدات میں 18.56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2017-18 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 678.6 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 572.38 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں درآمدات میں 18.56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2017 کے مقابلہ میں اپریل 2018 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 57.56 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 47.938 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 75.532 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ۔