لاہور(سپیشل رپورٹر)سی سی پی او لاہورنے موبائل فونز کی چوری روکنے اور چوری شدہ موبائل ریکور کرنے میں معاون ایپلی کیشن تیار کر لی ہے ۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار ہونے والی آسان اور زبردست خصوصیات کی حامل E-GADGET مانیٹرنگ سسٹم ایپ کو اینڈرائیڈ اور آئی اوایس سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔ پائلٹ موبائل ایپ کے حوالے تعارفی تقریب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے دفتر میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی سی سی پی ا و بی اے ناصر تھے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر سمیت اعلیٰ پولیس افسران، تاجر رہنما اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ای گیجٹ ایپ کے تحت موبائل فون کے کاروبار سے منسلک افراد خود کو ایپ کے لئے با آسانی رجسٹر کرا سکیں گے ۔ دکاندار ہر شخص کے موبائل فون کا IMEI نمبراس ایپلی کیشن میں لازمی محفوظ کریں گے ۔ اس طرح چوری ہونے والے موبائل کا ڈیٹا بیس پولیس کے پاس دستیاب ہوگا، چوری ہونے والے موبائل فون کا IMEI نمبر کسی صورت تبدیل نہیں کرایا جا سکے گا اور چور موبائل فون کو کہیں فروخت یا استعمال نہیں کر سکے گا۔ بی اے ناصر نے موبائل ایپ کی تیاری کو ایک انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی خرید وفروخت کے کاروبار کو تحفظ ملے گا۔