لاہور(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کے متعدد فوجیوں کو جہنم واصل کر کے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے ہیں۔پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ، موجودہ حالات میں احتجاجی سیاست کا کوئی جواز نہیں ،یہ وقت قوم کو یکجا کرنیکا ہے ۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ۔بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بناکر بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔بھارت جان لے کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کیساتھ ہے ۔ وطن کی مٹی ہم سے اتحاد اور یگانگت کا مطالبہ کر رہی ہے اورپاک دھرتی کے اس قرض کو اتارنے کیلئے سب کو ایک ہونا پڑیگا۔ سیاسی قوتوں پر بھی اس قرض کی ادائیگی کی بھاری ذمہ داری ہے ۔ جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے ۔ یہ ملک افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جا سکتا۔قوم کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہو گا۔ ترقی کا واحد راستہ ملک میں استحکام، اتحاد اور اتفاق میں ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ساندہ کے علاقہ میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ غفلت کے ذمہ داروں کاتعین کیا جائے ،پابندی کے باوجودپتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے ۔پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے جا ں بحق نوجوان کے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا گنج بخش ؒؒ کے موقع پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کرنے پر آئی جی پنجاب عارف نواز خان، سی سی پی او لاہوربی اے ناصر،ڈی آئی جی آپریشن اشفاق خان ، سی ٹی او لاہور لیاقت علی ملک اور دیگر پولیس افسروں کوشاباش دی اور کہا کہ سکیورٹی کے سخت اور موثر اقدامات کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ پنجاب پولیس آگے بھی سکیورٹی کے ایسے ہی اقدامات کرتی رہے ۔