لاہور،اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے سابقہ چیمپئنز نے معیشت کا جو برا حال کیا اس کیلئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے ۔کچھ سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے کیلئے حکومت جانے اور مڈٹرم انتخابات کی باتیں کر رہے ہیں۔ان کی اپنی سیاسی جماعتوں میں مڈ ٹرم قیادت کا انتخابات کیا جانے لگا ہے ۔حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ۔اتحادیوں کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔پرفارمنس پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے ۔موجودہ عوامی مسائل ٹی ٹی شریف کی وجہ سے آئے ۔ وہ ٹی ٹیاں لگاتے رہے اور عوام کی مشکلات بڑھتی رہیں۔ لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا لاہور پریس کلب کا الیکشن جیتنے پر تمام عہدیداروں کو مبارکباد دیتی ہوں۔یہاں آنے کا مقصد آپ کے ووٹ کو عزت دینا ہے ۔ملک میں جاری معاشی چیلنجز کے باعث صحافی بھی معاشی بحران کا شکار ہوئے ۔آج معیشت درست سمت میں گامزن ہے جس کے اثرات صحافتی اداروں میں بھی جلد نظر آئیں گے ۔صحافیوں اور پریس کلبوں کی سرپرستی حکومت کرے گی اور ان کی گرانٹس شروع کی جا رہی ہیں۔ میڈیا ورکرز اور مالکان کو ایک ساتھ بٹھا کر ان کے جائز مطالبات حل کرائیں گے ۔اگلے دورے میں لاہور پریس کلب میں انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کروں گی ۔انہوں نے کہا مصنوعی مہنگائی کرنے والے ذخیرہ اندوزوں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بروقت اقدامات سے آٹے کی قیمت جلد نیچے آئے گی ۔مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کی میڈیا نشاندہی کرے ، ہم کارروائی کرینگے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے فلاحی ادارے سندس فائونڈیشن میں منو بھائی کی دوسری برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے معصوم بچوں کی آنکھوں میں امید کے چراغوں کوقائم رکھنا ہے ۔فلاحی کام میرے دل کے بہت قریب ہے ۔بچوں میں آ کر اپنایت محسوس کرتی ہوں۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہے منو بھائی کے اس کام کو مزید آگے لے جائیں گے ۔ منو بھائی کی فلاحی اور ادبی لحاظ سے خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کیلئے خون کاعطیہ دیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے ۔ پاکستان بیت المال پنجاب کے چیئرمین ملک اعظم نے کہا بیت المال سندس فائونڈیشن کیلئے ایک سنٹر بنائے گی۔ سندس فائونڈیشن کے ڈائریکٹر اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ،آئی اے رحمان ،حسین نقی ،کارٹونسٹ جاوید اقبال، خالد عباس ڈار و دیگر نے بھی منو بھائی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثنائاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔رانا صاحب فرماتے ہیں میاں صاحب اگر ہسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں، ان کا مطلب ہے میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔ رانا صاحب جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے ،اس پر توجہ دیں۔ آپ حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے ۔