پشاور،مردان (92 نیوزرپورٹ،آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زبان پھسل گئی اور قرنطینہ کو کترینہ کہہ دیا۔ گزشتہروز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے آٹا اورچینی بحران پر ایف آئی اے کی رپورٹ پر بات کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ بہتر ہوگا کہ ہم اس وقت کورونا ،آئسولیشن سنٹر اور کترینہ پر بات کریں۔علاوہ ازیں محمود خان ولی خان یونیورسٹی میں قرنطینہ کے دورہ پر پہنچے پر سکیورٹی اہلکاروں نے ان کو سلیوٹ کیا ۔جس پر وزیراعلیٰ نے سلیوٹ سے منع کرتے ہوئے کہا کہ سلامی میرا نہیں، ڈاکٹروں اور طبی عملے کا حق ہے جو اس وقت جان ہتھیلی پر رکھ کر کورونا مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے قرنطینہ میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کورونا کا مقابلہ عوام کی مدد سے ہی ممکن ہے ، پورے صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں ،مردان میرا دوسرا گھر ہے ، تحریک انصاف کی حکومت ہے اسلئے پورا انصاف ہو گا۔