کراچی( آن لائن )بین الاقوامی شہرت کے حامل الجزیرہ ٹی وی نے بھارتی وزیر اعظم مودی اور داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو سفاکی اور حیوانیت میں ہم پلہ قرار دیتے ہوئے دونوں کو ایک جیسا دہشت گرد قرار دیا ہے ۔ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج اپنے وزیر اعظم کے حکم پر نہتے کشمیریوں اور ان کے معصوم بچوں کیخلاف آزادی کے لیے آواز اٹھانے پرانسانیت دشمن کلسٹر بموں کا استعمال کر رہی ہے جو ہولناک تباہی پھیلانے میں ایک جیسے ہیں،ابو بکر البغدادی نے بھی اپنے تخریبی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے شام کے نہتے لوگوں پر کلسٹر بم برسائے تھے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج وہی زیڈ پی 39 کلسٹر بموں کا استعمال کر رہی ہے ، جو داعش کے جنگجوؤں نے شام کی معصوم عوام پر برسائے تھے ۔ الجزیرہ سے وابستہ صحافی اسامہ بن جاوید نے اپنی رپورٹ میں وادی نیلم پر بھارت کی جانب سے گرائے گئے کلسٹر بموں کی تصاویر بھی بطور ثبوت دکھائی ہیں۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ان کلسٹر بموں کے علاوہ بھارت نے اسرائیل کے تیار کردہ مہلک بموں کا بھی استعمال کیا ہے ۔ رپورٹ میں بھارت کی بربریت اور جنگی جنون پر عالمی اداروں اور ان کی بے حِس خاموشی پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے ۔