نیویارک( ندیم منظور سلہری) بھارتی مصنف ایس ایم مشرف نے انکشاف کیا ہے کہ اگر نریندر مودی آئندہ وزیراعظم بن گے تو سمجھ لیں کہ بھارت کو ٹیررستان بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا، بھارت کی بدقسمتی ہے کہ یہاں ہندو بھگوا تنظیموں کو دہشتگردی کی تربیت انٹیلی جنس بیورو دے رہی ہے ،مالیگاؤں بمدھماکوں کی ملزمہ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکرے کو الیکشن میں بی جے پی نے ٹکٹ دیکر اپنی مستقبل کی پالیسی واضح کر دی کہ بھارت میں صرف ہندو رہیں گے ۔بھارت کے 8 سابق ڈائریکٹر جنرل پولیس نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا انتہا پسندی کی طرف بڑھنا ملکی سلامتی کے لئے خطرناک ہے ، پرگیا سنگھ اب کھل کر بھارت کے شہیدوں کو گالیاں دے رہی ہیں ۔ بھارتی آرمی کے شمالی کمان کے سابق سربراہ ڈی ایس ہڈا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ طویل مدتی پالیسی بنانا ہو گی، مذاکرات اور نیوکلیئر امور پر گفتگو کا آغاز وقت کی ضرورت ہے ۔امریکی ماہرین نے بھی بھارت میں تیزی سے بڑھتی ہوئی نفرت کی لہر کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے سیاستدانوں نے جس طرح کا ماحول پیدا کر دیا ہے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ڈیوائیڈ اینڈ رول کے تحت سیاست کرنا چاہتے ہیں ۔امریکی ماہرین جان جے جیکسن، مائیکل رائٹ اور ہوزے ریویرو نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو ایک طرف دھکیل کر کوئی بھی ملک دنیا میں نمایاں مقام حاصل نہیں کر سکتا، مودی جسطرح اینٹی پاکستان مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں کو نفرت پر اُکسا رہے ہیں اس سے بھارتی عوام آپس میں لڑتی رہے گی۔