اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے انتہا پسنداور فاشسٹ مودی حکومت خطے کے امن اور ہمسایہ ممالک کیلئے خطرہ ہے ، مودی حکومت پاکستان کو بھی جھوٹے فلیگ آپریشن کی دھمکیاں دے رہی ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا مقبوضہ کشمیر کی آزاد حیثیت ختم کرنا چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے ، مودی حکومت بھارت میں رہنے والی اقلیتوں کیلئے خطرہ ہے ، بھارت میں اقلیتوں کو دوسرے درجے کا شہری قرار دیا جارہا ہے ،ہندوتوا کی علمبردار مودی حکومت ، نازی علاقے کے مترادف اپنی متکبر توسیع پسند پالیسیوں سے پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ بن رہی ہے ، متنازع شہریت ایکٹ کے بعد بنگلہ دیش، چین اور نیپال کو دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔بنگلہ دیش کو شہریت کے متنازع قانون سے خطرہ لاحق ہے جبکہ نیپال اور چین کے ساتھ بھارت کا سرحدی تنازع ہے ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی طور پر الحاق کیا۔