اجمیرشریف (92 نیوزرپورٹ ، نیٹ نیوز )اجمیر شریف کے سجادہ نشین سید سرور چشتی نے کہا ہے بھارت میں مودی سرکار نے مسلمانوں کا جینا حرام کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا انہیں سیکولرزم کا سبق نہ پڑھایا جائے ، وہ ہندوئوں سمیت تمام افراد کا احترام کرتے ہیں۔ بھارتی عدالتی نظام کو بے نقاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاپہلو خان کے قتل میں ملوث مجرموں کو ثبوتوں کے باوجود رہا کر دیا گیا۔ مودی سرکار نے جمہوریت کا قتل کیا ہے ۔مسلمانوں کو گائے ذبح کرنے کے الزام میں قتل کیا جا رہا ہے ، ہندوستان کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کشمیر میں کرفیو لگا دیا گیا، معصوم بچے دودھ کیلئے ترس رہے ہیں، بی جے پی کے لوگوں کی جانب سے کشمیری خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہاتلواریں تقسیم کی جا رہی ہیں اور کہیں پر ترشول، بجرنگ دل والے لوگوں کو مسلح تربیت دے رہے ہیں، یہ سب کیا ہے ؟ بھارتی مسلمانوں کو اختلافات بھلا کر متحد ہونا پڑے گا۔