لاہور(وقائع نگار ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارت کی چین سے رسہ کشی کا اصل مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے کیونکہ مودی سرکار کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ خطے میں چودھراہٹ کا خواب دیکھنے والے ہندو بنیے کو چین سے منہ کی کھانا پڑی اوراسے جارحیت کی کوشش کا درست جواب ملا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارت کے دانت کھٹے ہوئے اور ایک مرتبہ پھر اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تو انڈیا کو منہ توڑ جواب ملے گا۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ افواج پاکستان اپنے وطن عزیز کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اگر وقت آیا تو دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھارت کے خلاف شروع دن سے ہی دو ٹوک موقف رکھتے ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر بھارتی ظلم و ستم کو بے نقاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور چین کے ساتھ بھارت کی بلا جواز کشیدگی پر سخت رد عمل ہونا چاہیے ۔