لاہور(جنرل رپورٹر،خصوصی نمائندہ،92 نیوز رپورٹ)صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے نریندر مودی وزیراعظم عمران خان کی امن کوششوں کو برباد کررہے ہیں،آزادکشمیرمکمل طورپرپرامن ہے ۔صدرمملکت سے بھارتی سیاستدان اوربالی ووڈکے معروف اداکارشتروگھن سنہانے گورنرہائوس لاہورمیں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی شہریت ایکٹ 2019میں ترمیم پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہابھارت میں اقلیتوں کیساتھ امتیازی سلوک روارکھا جارہا ہے ۔بھارتی اداکار شتروگھن سنہانے کہادونوں اطراف کے ارکان پارلیمنٹ کوآزادکشمیرمیں زمینی حقائق دیکھنے کیلئے دورے کی دعوت دی جانی چاہئے ،صدرمملکت اورشتروگھن سنہانے خطے میں امن کی کوششیں جاری رکھنے پراتفاق کیا۔ فاؤنٹین ہاؤس میں ورلڈ سائیکاٹرک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ’’ آٹزم اینڈ چائلڈ سائیکاٹری ‘‘ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران انہوں نے کہاخصوصی افراد کو بینکوں سمیت دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقع دئیے جانے چاہئیں، خصوصی افراد بھی ہمارے معاشرے کاحصہ ہیں اوران کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، آٹزم سے متاثرہ بچوں کا خصوصی پیار اور توجہ کے ساتھ علاج کیاجاناچاہئے ، فائونٹین ہائوس دنیا کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے ،اس طرح کے اداروں میں آکر دلی سکون ملتا ہے ، کوشش ہے ایک کال سنٹر کا قیام عمل میں لائوں جہاں ڈپریشن اور نفسیاتی دبائو کا شکار لوگوں کو فون کالز کے ذریعے سکون اور آرام حاصل ہو، محبت ایسی زبان اور طریقہ علاج ہے جس سے ہر کوئی نہ صرف صحت یاب ہوتا ہے بلکہ دوسروں کے لئے بھی مثال بن جاتا ہے ۔صدر علوی نے فائونٹین ہائوس میں ذہنی امراض میں مبتلا خواتین اورمرد وں کے وارڈز، کمپیوٹر لائبریری اور آرٹ گیلری کا بھی دورہ کیا، انہوں نے خصوصی بچوں کیلئے بنائے جانے والے سکول کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر چیئرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، صدر ورلڈ سائیکاٹرک ایسوسی ایشن ڈاکٹر افضل جاوید، پروفیسر محمد وقار عظیم، ناصرہ جاوید اقبال، ایم ایس فائونٹین ہائوس ڈاکٹر سید عمران مرتضیٰ اور دیگر بھی موجود تھے ۔