لندن(92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر کہا ہے کہ مودی حکومت نے آرٹیکل 370 ختم کرکے بھارت کے کمزور وفاقی ڈھانچے کو کاری ضرب لگا دی ہے ۔بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق مرکز ریاستوں کے مقتدر اختیارات میں چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتا، اب یہ دیکھنا دلچسپ ہو گاکہ بھارتی سپریم کورٹ کشمیر پر اپنے فیصلوں کیخلاف قانونی چیلنجز سے کس طرح نمٹتی ہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیلئے کشمیری عوام اور سیاستدانوں سے مشورہ نہیں کیا گیا، یہ اقدام بھارت کے وفاقی نظام پر بدنما داغ ہے ۔بھارتی حکومت ریاستوں کے مقابلے میں یونین کے علاقوں کو کم خودمختاری دیتی ہے ، اب نئے مرکزی علاقوں جموں، کشمیر اور لداخ پر دہلی سے براہ راست حکومت ہوگی۔بھارتی سکالر نونیتا چڈھا بہیرا کا کہنا ہے کہ بھارت میں جمہوری اصولوں کو ختم کیا جارہا ہے ، زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ کسی بھی دوسری ریاست کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے ۔