ممبئی،نئی دہلی (نیٹ نیوز،ایجنسیاں) بھارتی وزیر اعظم مودی نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے اور متنازعہ شہریت قانون ختم کرنے سے انکار کردیا۔ وارانسی میں اپنے حلقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور متنازعہ شہریت قانون کے فیصلے بھارت کے لیے ضروری تھے ،دنیا بھر کے دباؤ کے باجود ہم ان فیصلوں پر قائم رہیں گے ،رام مندر کی تعمیر کے لیے ایک ٹرسٹ بنادیا گیا ہے جس کے تحت جلد از جلد مندر کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔دریں اثنا جامعہ ملیہ اسلامیہ کی لائبریری پر دہلی پولیس نے دھاوا بول دیا طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا طلبہ کو بغیر کسی وجہ کے تشدد کا نشانہ بنایا گیاجس کی ویڈیو سوشل میڈیال پر وائرل ہوگئی۔ مزید براں بھارت میں متنازعہ شہریت قانون کیخلاف احتجاج جاری ہے جبکہ مودی سے آزاد کے نعرے بھی گونج رہے ہیں۔ ممبئی میں فیض احمد فیض کی نظم ’’ہم دیکھیں گے ‘‘ کی صدائیں بلندہونے لگیں ، مظاہروں میں شرکت پر مسلمان شاعرپرتاپ گڑھی کو ایک کروڑ 4لاکھ کا نوٹس جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق متنازعہ قانون کے خلاف ممبئی میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا جس کا اہتمام شہریت ترمیمی قانون ، نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر کے خلاف بننے والے قومی اتحاد کی مہاراشٹریہ تنظیم نے کیا۔