لاہور(خصوصی نمائندہ) گور نر پنجاب چودھری سرور سے صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان نے ملاقات کی ،اس موقع پر گور نر پنجاب نے کہا ہے کہ مودی نے آر ایس ایس کے ذریعے دلی میں گجرات جیسا خونی کھیل شروع کردیا ہے ،آر ایس ایس اور مودی کی وجہ سے بھارت انتہاپسند ریاست بن چکا ہے ، مودی مسلمانوں اورامن کا قتل عام کر رہا ہے ، صدر ٹر مپ نے بھارت میں کھڑے ہوکرنر یندر مودی اور انکی حکومت کو آئینہ دکھا یا ہے ،اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے کشمیر میں امن کے قیام اور بھارتی مسلمانوں کو مودی کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کر یں۔ ملاقات میں بھارتی مسلمانوں پر مظالم اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں پر نر یندر مودی کے مظالم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے دلی میں نر یندر مودی کی حکومت اور آر ایس ایس کے غنڈے ملکر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس سے بڑی کوئی اور دہشت گردی اور انتہا پسندی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ ،او آئی سی اور عرب لیگ سمیت عالمی فور م خاموشی اختیار کر نے کے بجائے بھارت کی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیں اور نر یندر مودی اور آرایس ایس کے غنڈوں کو روکا جائے ۔